کامن ویلتھ گیمز: پاکستان کی فاطمہ زہرہ باکسنگ کوارٹر فائنل میں، افضل خان بھی کامیاب
کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستانی باکسرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کرلیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ویمن باکسنگ میں فاطمہ زہرہ نے شاندار فتح کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ مردوں کے مقابلوں میں افضل خان نے بھی فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
اسکاٹ لینڈ میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ویمن باکسنگ مقابلوں کی 60 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کی فاطمہ زہرہ کا مقابلہ لیسوتھو کی ریئل ایبوہا سے ہوا۔ پاکستانی باکسر نے آغاز ہی سے حریف پر دباؤ برقرار رکھا اور مقابلے میں واضح برتری حاصل کرلی۔
فاطمہ زہرہ کی مسلسل عمدہ کارکردگی اور حریف باکسر کے خلاف واضح برتری کو دیکھتے ہوئے ریفری نے مقابلہ مقررہ وقت سے پہلے روک دیا اور پاکستانی کھلاڑی کو فاتح قرار دے دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ فاطمہ نے ویمن باکسنگ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
کوارٹر فائنل میں فاطمہ زہرہ کو نیوزی لینڈ کی جارڈن ولسن کا سامنا کرنا ہوگا، جہاں کامیابی انہیں میڈل کے مزید قریب پہنچا دے گی۔
دوسری جانب مردوں کے باکسنگ مقابلوں میں بھی پاکستان کے لیے اچھی خبر سامنے آئی۔ 65 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستانی باکسر افضل خان نے اپنے پہلے مقابلے میں سیچیلیس کے جوانی بوسین کو شکست دے کر ایونٹ کا کامیاب آغاز کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افضل خان نے حریف کے خلاف بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 0-5 سے کامیابی حاصل کی اور اگلے راؤنڈ میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
باکسنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کامیابیوں کے برعکس سوئمنگ میں قومی دستے کا سفر ختم ہوگیا۔ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے دونوں سوئمرز اپنے اپنے مقابلوں میں اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے اور ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
کامن ویلتھ گیمز میں اب پاکستانی شائقین کی نظریں فاطمہ زہرہ کے کوارٹر فائنل سمیت باکسنگ کے آئندہ مقابلوں پر مرکوز ہیں، جہاں قومی باکسرز سے مزید کامیابیوں کی امید کی جارہی ہے۔