پاکستانی نژاد سعدیہ زاہدی عالمی فضائی تنظیم کی پہلی خاتون سربراہ مقرر

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستانی نڑاد سعدیہ زاہدی کو انٹرنیشنل ایٔر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آیاٹا) کی نئی ڈائریکٹر جنرل مقرر کردیا گیا ہے۔ وہ یکم نومبر 2026 کو عہدہ سنبھالنے کے بعد عالمی ائر لائن انڈسٹری کی اس تنظیم کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔سعدیہ زاہدی عالمی فضائی تنظیم کی نویں ڈائریکٹر جنرل ہوں گی۔ وہ ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) سے آیاٹا میں شامل ہورہی ہیں جہاں وہ منیجنگ ڈائریکٹر اور بورڈ آف مینجمنٹ کی رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔آیاٹا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیٔرمین اور لاٹام ایٔرلائنز گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر روبرٹو الوو نے ایک پریس بیان میں کہا کہ بورڈ سعدیہ زیدی کو آئی اے ٹی اے کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کرنے پر انتہائی مسرت محسوس کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم میں سعدیہ زاہدی کا طویل اور شاندار تجربہ دنیا کی فضائی کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم کے طور پر آیاٹا کے کردار کو مزید مضبوط اور مؤثر بنائے گا۔ گلوبل ایٔر ٹرانسپورٹ گ ٹریلین ڈالر کی صنعت ہے جس نے دنیا کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سعدیہ زاہدی کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عالمی ماحول میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ ٹیکنالوجی اور جغرافیائی سیاسی عوامل سمیت کئی عناصر مستقبل میں فضائی صنعت کی سمت متعین کریں گے اور سعدیہ کے پاس وہ صلاحیتیں موجود ہیں جن کی بدولت وہ مؤثر انداز میں اس بات کی ترجمانی کر سکیں گی کہ لوگوں اور معیشتوں کو محفوظ، مؤثر اور پائیدار انداز میں باہم جوڑے رکھنے کے لیے ہماری صنعت کو کن اقدامات کی ضرورت ہے۔ وہ آیاٹا میں ایک نئی سوچ لے کر آئیں گی جو تنظیم کی مضبوط تکنیکی، مالیاتی اور ڈیٹا صلاحیتوں کی بنیاد پر فضائی صنعت کی مزید مؤثر انداز میں معاونت کرے گی۔ سعدیہ زاہدی نے کہا کہ اس اہم مرحلے پر فضائی صنعت کی نمائندگی، اس کی قیادت اورآیاٹا کے مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوابازی معاشی ترقی، تجارت، سیاحت، روزگار، سرمایہ کاری اور مواقع کی فراہمی کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل انفرااسٹرکچر ہے۔ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں قابلِ اعتماد معیارات، ضروری خدمات اور مؤثر وکالت کے ذریعے فضائی صنعت کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں آیاٹا کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوگیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *