ٹرمپ کا دعویٰ غلط‘ آبنائے ہرمز ہمارے کنٹرول میں ہے‘ ایران
تہران /واشنگٹن /صنعا /بیروت /اسلام آباد / بغداد /لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا دعویٰ غلط ہے کیونکہ آبنائے ہرمز ہمارے کنٹرول میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے ایک اہم عہدیدار نے کہا ہے کہ اگر مستقبل میں دوبارہ جنگ ہوئی تو ایران پہلے سے زیادہ سخت اور جارحانہ انداز میں کارروائی کرے گا۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق سپریم لیڈر کے دفتر میں سیاسی مشیر بریگیڈیئر جنرل رسول سنائی راد نے یہ بیان دیا ہے۔ جرمنی کی معروف شپنگ کمپنی ہاپگ لائیڈ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث آبنائے ہرمز کی بندش سے رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کو تقریباً 600 ملین ڈالر کا مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ جمعرات کو جاری اپنے مالی نتائج میں بتایا کہ اپریل سے جون کے دوران کمپنی کا خالص منافع کم ہو کر 83 ملین ڈالر رہ گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں کمپنی نے 306 ملین ڈالر کا خالص منافع حاصل کیا تھا۔ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا پر الزام عاید کیا ہے کہ وہ ناقص انٹیلی جنس اور غلط معلومات کی بنیاد پر طویل عرصے سے غلط فیصلے کرتا آ رہا ہے، جبکہ انہوں نے موجودہ ایران جنگ کے حوالے سے بھی امریکی اندازوں کو ناکام قرار دیا ہے۔ الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ایرانی سفارتکار عباس خمیار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جاری معاشی اور فوجی دباؤ کی حکمت عملی میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور بالآخر آبنائے ہرمز کے معاملے میں خود ایک مشکل صورتحال میں پھنس گیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے واضح کیا ہے کہ عراق اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف حملے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ایران نے آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم بحری راستے سے تجارتی آمدورفت کے ذریعے فائدہ اٹھانے والے تمام ممالک اور اداروں پر ماحولیاتی نقصانات کے ازالے کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری عاید ہوتی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حالیہ دنوں میں قشم جزیرے کے ساحلی علاقوں میں تیل پھیلنے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زاید کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی طلب کے نئے اندازوں میں کمی اور امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات نے سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے۔ایران نے اپنی فوجی حکمت عملی میں جارحانہ صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے سینیئر مشیر بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی کے مطابق نئے فوجی ڈاکٹرائن کے تحت پاسداران کو ایسی صلاحیت حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے ذریعے ضرورت پڑنے پر دشمن کی سرزمین تک کارروائی کی جاسکے۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف عاید کردہ اسٹیل وال ناکہ بندی پر عملدرآمد کے دوران امریکی افواج نے 59 تجارتی بحری جہازوں کا رخ تبدیل کرایا جبکہ 3 جہازوں کو ناکارہ بنایا اور 2 دیگر پر سوار ہوکر کارروائی کی۔ ایرانی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے اسٹریٹجک معاون ہیں جبکہ پاکستانی حکومت، فوج اور عوام اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق محسن رضائی نے تہران میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران پاک ایران تعلقات، علاقائی صورتحال اور مسلم ممالک کے درمیان تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ ایران نے عالمی مالیاتی نظام میں امریکی ڈالر پر انحصار کم کرنے کی کوششوں کے تحت برکس کے نیو ڈیولپمنٹ بینک میں شمولیت کا عمل تیز کردیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی نے بتایا کہ برکس رکن ممالک کے درمیان تعاون کا سب سے اہم نتیجہ نیو ڈیولپمنٹ بینک کا قیام ہے اور ایران جلد اس بینک کا رکن بن جائے گا۔اسرائیل میں ایک پراسرار بیماری کے باعث رواں سال 13 افراد کے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے جن میں سے 2 جان کی بازی ہار گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزارت صحت کے حکام نے اس پراسرار بیماری سے متاثرہ علاقوں میں خطرناک وائرس سے متاثرہ مچھروں کی موجودگی کی بھی تصدیق کی ہے۔ایران کی وزارتِ اطلاعات نے سیستان اور بلوچستان میں امریکی اور اسرائیلی انٹیلی جنس اداروں سے وابستہ دو ’منظم سیلز‘ کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔وزارت کے مطابق 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید 2 افراد سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے ’یہ افراد جنوبی سیستان و بلوچستان کے اقتصادی انفرااسٹرکچر پر حملے کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے خبر دی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان کے قصبوں مجدل زون اور منصوری اور ان سے ملحقہ وادیوں میں گھروں کو دھماکوں سے تباہ کرنے اور نذرِ آتش کرنے کی کارروائیاں کی ہیں‘ گزشتہ رات اسرائیلی جنگی طیاروں نے منصوری پر دو فضائی حملے کیے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے ایران نواز یمنی حوثی گروہ کے ترجمان یحییٰ سریع سے منسوب اکاؤنٹ معطل کر دیا ہے۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ تقریباً ایک لاکھ 21 ہزار 500 فالوورز رکھنے والے اس اکاؤنٹ کو کیوں بند کیا گیا ہے۔تہران کے میئر علی رضا زکانی نے دعویٰ کیا ہے کہ 28 فروری کو جس میزائل حملے میں ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای ہلاک ہوئے اس کا اصل ہدف مجتبیٰ خامنہ ای تھے۔یمن کے ایران نواز حوثی گروہ نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ’جارحیت روکنے، ناکہ بندی ختم کرنے اور یمن میں تمام غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کا جرأت مندانہ اور دانشمندانہ فیصلہ‘ کرے۔ حوثیوں کی جانب سے یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثی جنگجوئوں نے ایک روز قبل سعودی مفادات پر مزید حملوں کا دعویٰ کیا تھا۔ ایران کے خلاف جنگ طویل ہوگئی جس سے تنگ آکر امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے پر تعینات کئی اہلکاروں نے خودکشی کی کوشش کی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق طویل تعیناتی کے باعث امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن سے متعدد اہلکاروں نے سمندر میں کودنے کی کوشش کی۔ امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ایک اہلکار کی اہلیہ نے بتایا کہ طویل اور مسلسل ڈیوٹی کے باعث ان کے شوہر نے جہاز سے چھلانگ لگانے کی کوشش کی جب کہ جہاز کے عملے نے کئی اہلکاروں کو ایسا کرنے سے روکا۔ دوسری جانب امریکی سینیٹرز نے واقعات کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے جب کہ امریکی بحریہ نے جہاز پر تعینات فوجیوں میں خودکشی کی کوششوں یا ذہنی صحت کے مسائل میں اضافے کی تردید کی ہے۔ ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کی حمایت پر یورپی ممالک اخلاقی حیثیت کھو چکے ہیں، ایران کے خلاف جارحیت کی حمایت سے بھی یورپی ممالک اخلاقی حیثیت کھو چکے ہیں۔امریکی ٹی وی نیٹ ورک پی بی ایس کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اگر امریکا نے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کی تو دنیا بھر میں موجود امریکی فوجی اڈے قبضے میں لے لیے جائیں گے۔