آزادی اللہ کی عظیم نعمت‘ ہمیں قیام پاکستان کا وعدہ پورا کرنا ہوگا‘ حافظ نعیم الرحمن
لاہور( نمائندہ جسارت ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے 79ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔پاکستان کا قیام اللہ کاعظیم معجزہ اوربرصغیر کے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے لئے ایک انعام ہے۔علامہ محمد اقبال ؒ نے ایک مسلم ریاست کے قیام کا خواب دیکھا اور قائد اعظم ؒ نے اس خواب کوشرمندہِ ء تعبیر کردکھایا۔قیام پاکستان کا مقصد مسلمانوں کو انگریز کی غلامی اور ہندوؤں کی بالا دستی سے نکالنا اور ایک ایسی آزاد اور خود مختار مملکت کا قیام تھا جہاں وہ اسلام کے اصولوں کے مطابق اپنی زندگی گزارسکیں۔اس عظیم مقصد کے حصول کے لئے قوم نے اجتماعی جدوجہد کی جس کے انعام کے طور پر اللہ نے ہمیں پاکستان جیسی عظیم مملکت عطا کی۔ مگر حقیقت یہی ہے کہ ہم نے اجتماعی طور پر اللہ کے اس احسان اور انعام کی قدر نہیں کی اور یہاں اللہ کے اس نظام کو نافذ نہیں کرسکے جس کا ہم نے وعدہ کیا تھا۔انگریز تو چلاگیا مگر اس کے ذہنی غلاموں نے ملکی اقتدار پر قبضہ کرلیا۔آج بھی انگریز کا وہی نظام مسلط ہے جس سے آزادی کے لئے ہم نے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اپنا سب کچھ چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی ہجرت کی تھی۔ ہماری آزادی اور خود مختاری آئی ایم ایف کے ہاتھ گروی رکھ دی گئی ہے اور ملک پر مسلط بددیانت حکمران قومی مفاد اور وقار کے علی الرغم امریکی مفادمیں فیصلے کررہے ہیں۔ ملک پر اسٹیبلشمنٹ،بیوروکریسی جاگیرداروں اور وڈیروں کا قبضہ ہے۔ملک 100ہزارارب سے زیادہ کامقروض ہوچکا ہے اس کے باوجود عام آدمی تعلیم،صحت اور روز گار جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم اور آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ جب تک کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کوہنود و یہود کے خونی پنجہ سے آزادی نہیں مل جاتی ہماری آزادی ادھوری ہے۔ یہ موقع ہے کہ اللہ تعالیٰ سے پاکستان و عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں خاص طور پر اپنے ان پیاروں کیلئے جنہوں نے اس عظیم وطن کے قیام کیلئے اپنے جانیں قربان کیں اوراپنے ان اسلاف کو بھی یاد رکھیں جنہوں نے پاکستان کے لئے اپنا سب کچھ قربان کردیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان کی بقا،سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے،ہمیں وہ عہد و پیمان پورا کرنے کیلئے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے اللہ سے باندھا تھا۔جب تک قوم اپنے اس عہد کو پورا نہیں کرتی ملک ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کرسکتا ہے نہ قومی وقار اور ملکی خود مختاری کی بحالی اور حقیقی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں گزشتہ تین سال سے ظلم و جبر اور قتل عام کا سلسلہ جاری ہے مگر امریکہ سمیت دنیا کی طاقتور قومیں اسرائیل کی پشت پناہی کررہی ہیں۔غزہ میں ہزاروں بچوں بوڑھوں اور خواتین کو موت کی وادی میں سلادیا گیا ہے مگرعالم اسلام کے حکمران بھی مذمتی بیانات سے آگے بڑھ کر کچھ نہیں کرسکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پچھلے سات سال سے کرفیو اور بدترین لاک ڈاؤن ہے۔کشمیر میں زندگی رک چکی ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم ؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔یہ شہ رگ دشمن کے پنجے میں ہے،زندہ رہنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم متحد ہوکر اپنی شہ رگ کو دشمن کے پنجہ ء استبداد سے آزاد کرائیں۔اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت کیلئے ہمیں تحریک پاکستان کے جذبہ سے اٹھنا ہوگا۔قوم یوم آزادی پر اس عزم اور عہد کا اعادہ کرے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے قوم سے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے خصوصی دعائیں کرنے کی اپیل کی۔