جمہوریت کے تسلسل کیلیے (ن)لیگ کی حمایت کی‘ نیئر بخاری
اسلام آباد (جسارت نیوز)سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نیئر بخاری نے کہاہے کہ جمہوریت کے تسلسل کے لیے ن لیگ کی حمایت کی ،پارلیمانی جمہوری نظام کا تسلسل پیپلز پارٹی کا مرہونِ منت ہے۔ ایک بیان میں نیئر بخاری نے کہا کہ آج پارلیمانی جمہوری نظام کا تسلسل پیپلز پارٹی کا مرہونِ منت ہے، اگر پیپلز پارٹی حمایت نہ کرتی تو مریم نواز کے چچا وزیراعظم اور مریم نواز پنجاب کی وزیراعلیٰ نہ ہوتیں، پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دن کی بارش سے پنجاب کی سڑکیں تالاب بن جاتی ہیں اور کل کی بارش نے لاہور و گوجرانوالہ کی سڑکوں کا پول کھول دیا ہے،ترقی کی حالت یہ ہے کہ ہر سال پنجاب سیلاب میں ڈوب جاتا ہے۔ کرپشن کے مقدمات کا سامنا سب سے زیادہ ن لیگ کے رہنماؤں کو ہے۔ کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم کشمیر بنانے کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے،پیپلز پارٹی کا موقف تھا کہ امن و امان بہتر ہونے تک انتخابات ملتوی کیے جائیں لیکن ن لیگی وزرا کہتے تھے کہ یہ آئینی معاملہ ہے اور انتخابات بروقت ہونے چاہئیں۔