| |

وزیراعلیٰ مریم نواز نے شیخوپورہ میں نیسلے پاکستان کے بائیو ماس سٹیم پلانٹ کا افتتاح کیا

شیخوپورہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شیخوپورہ میں نیسلے پاکستان بایو ماس اسٹیم پلانٹ کا افتتاح کر دیا، جو صاف توانائی، ماحول دوست صنعت اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تقریب میں نیسلے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر جیسن آوانسینا، ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز اینڈ سسٹین ایبلٹی شیخ وقار احمد اور ہیڈ آف ٹیکنیکل فیصل ندیم سمیت کمپنی کی اعلیٰ قیادت نے بھی شرکت کی۔

یہ منصوبہ نیسلے پاکستان اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے قائم کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینا اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی لانا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ 2050 تک نیٹ زیرو گرین ہاؤس گیس اخراج کے عالمی ہدف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

نیسلے پاکستان نے بایو ماس اسٹیم پلانٹ پر 4.5 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، جبکہ یہ منصوبہ کمپنی کی 2026 سے 2028 کے دوران پاکستان میں 17 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے منصوبے کا حصہ بھی ہے، جس کا اعلان ورلڈ اکنامک فورم، ڈیووس میں کیا گیا تھا۔

منصوبہ مکمل ہونے کے بعد پلانٹ زرعی باقیات (Agricultural Residue) سے فی گھنٹہ 30 ٹن بھاپ پیدا کرے گا، جس سے روایتی فوسل فیول پر انحصار کم ہوگا اور ماحول دوست توانائی کے استعمال کو فروغ ملے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نیسلے پاکستان کا یہ منصوبہ پنجاب حکومت کے صاف ماحول، بہتر فضائی معیار اور پائیدار صنعتی ترقی کے وژن سے مکمل ہم آہنگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے نہ صرف ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ ذمہ دار صنعتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیں گے۔

نیسلے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیسن آوانسینا نے بتایا کہ پلانٹ ہر سال تقریباً 72 ہزار ٹن زرعی باقیات استعمال کرے گا، جس سے سالانہ 24 ہزار 345 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی آئے گی۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے ہر سال تقریباً 2.15 ملین امریکی ڈالر کے ایندھن کی بچت بھی متوقع ہے۔

نیسلے پاکستان کے ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز اینڈ سسٹین ایبلٹی شیخ وقار احمد نے کہا کہ بایو ماس اسٹیم پلانٹ صاف توانائی کے فروغ، زرعی باقیات کے مؤثر استعمال اور صنعتی شعبے میں ماحول دوست اقدامات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سرکاری اور نجی شعبے کے کامیاب اشتراک کی بہترین مثال بھی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ منصوبہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) خصوصاً صاف اور سستی توانائی (SDG-7) اور ماحولیاتی تحفظ (SDG-13) کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ نیسلے پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی پائیدار صنعت، مقامی کمیونٹیز کی ترقی اور پاکستان کے موسمیاتی اہداف کے حصول کے لیے سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *