ٹنڈو الہ یار: یوم شہداء پولیس کے موقع پر قرآن خوانی کا اہتمام
ٹنڈوالہیار(نمائندہ جسارت)یومِ شہداء کے موقع پر ایس ایس پی ٹنڈوالہیار سید سلیم شاہ کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف تقریبات اور اقدامات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی آفس ٹنڈوالہیار میں قرآن خوانی کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی، جس میں سندھ پولیس کے شہداء سمیت وطنِ عزیز کی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔یومِ شہداء کی مناسبت سے ایس ایس پی ٹنڈوالہیار سید سلیم شاہ کے احکامات پر ضلع بھر کے تمام تھانوں، پولیس دفاتر، سرکاری عمارتوں اور پولیس کی سرکاری گاڑیوں پر یومِ شہداء کے خصوصی پینا فلیکس آویزاں کیے گئے، جن کا مقصد قوم کے محافظوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا، عوام میں ان کی خدمات کو اجاگر کرنا اور نئی نسل کو شہداء کی لازوال قربانیوں سے روشناس کرانا تھا۔دریں اثناء ایس ایس پی ٹنڈوالہیار سید سلیم شاہ نے ضلع ٹھٹہ میں دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس جوان علی اکبر مری اور عبدالمجید مری کے بچوں کی معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے TST اسکول راشد آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول انتظامیہ سے ملاقات کی۔