|

حوثی باغیوں کے یمنی فورسز پر حملے، 45 افراد ہلاک

یمن میں حوثی عسکریت پسندوں نے مارب اور حضرالموت کے علاقوں میں سرکاری ایمرجنسی فورسز کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے شدید حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 45 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعداد سرکاری سکیورٹی اہلکاروں کی بتائی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سب سے شدید حملہ مارب گورنریٹ کے قریب قائم ایمرجنسی فورسز کی ایک چھاؤنی پر کیا گیا، جہاں حوثی جنگجوؤں نے بیک وقت 3 مختلف سمتوں سے کارروائی کرتے ہوئے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق حملوں میں صرف میزائل ہی استعمال نہیں کیے گئے بلکہ خودکش ڈرون طیاروں سمیت 20 سے زائد مختلف نوعیت کے پروجیکٹائل بھی فائر کیے گئے، جس کے باعث فوجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا اور بڑی تعداد میں اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔

حملوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ امدادی اور طبی ٹیمیں زخمیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور نقصانات کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔

تازہ حملوں کے بعد یمن میں جاری مسلح کشیدگی میں مزید شدت آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *