اسلام آباد میں
|

اسلام آباد میں یادگارِ فتح کا افتتاح، وزیراعظم نے دشمن کو خبردار کر دیا

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ’یادگارِ فتح‘ کا افتتاح کر دیا۔

اس  موقع پر عسکری و سیاسی قیادت، وزرا اور غیر ملکی سفارت کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ وفاقی وزرا، سول اور عسکری حکام کے ساتھ چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کی پولیس کے دستوں نے بھی خصوصی حاضری درج کرائی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ یادگار افواجِ پاکستان کی برتری اور دشمن پر فتح کی علامت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی کی ایک بوند بھی ہماری ریڈ لائن ہے، ہم امن کے حامی ہیں مگر اسے کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت راہِ راست پر نہ آیا تو اسے براہِ راست جواب دیا جائے گا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا علمبردار ہے اور امریکا و ایران کے درمیان ثالثی کا اہم کردار ادا کر کے عالمی سطح پر اپنی اہمیت منوا چکا ہے۔

افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ انہوں نے سابق امریکی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی سے لاکھوں قیمتی جانیں بچانے میں مدد ملی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یادگارِ فتح ہمارے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کی لازوال داستان ہے۔ انہوں نے غزہ میں جاری نسل کشی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا، عالمی برادری کو اس پر آواز اٹھانی چاہیے۔

صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کرنے پر آرمی چیف اور نائب وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان خطے کے استحکام کے لیے پرعزم ہے اور دفاعی معاہدوں کے ذریعے اپنی سلامتی کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *