بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بند اور عالمی معاہدوں کی پاسداری کرے‘ اسحاق ڈار

اسلام آباد( صباح نیوز): نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیرِ خارجہ ایسپن بارتھ ایدے (Espen Barth Eide) کے ہمراہ مشترکہ پریس سٹیک آؤٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 سال بعد کسی نارویجن وزیرِ خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔نائب وزیر اعظم نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں بشمول تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، دفاع، آئی ٹی، بحری امور اور ماحولیاتی تبدیلی میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک نے موجودہ دوطرفہ تجارت کو صلاحیت کے مطابق بڑھانے، زیرِ التوا معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے اور قانونی ذرائع سے ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کی ناروے منتقلی پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے نشاندہی کی کہ گزشتہ دو سالوں میں ناروے کو پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 5 گنا سے زائد اضافہ ہوا ہے جبکہ شپ ری سائیکلنگ اور یارا انٹرنیشنل اور فوجی فرٹیلائزر کے مشترکہ منصوبے جیسے اہم اقدامات دونوں ممالک کی شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جا رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے نارویجن وفد کو مسئلہ جموں و کشمیر کی تاریخی حیثیت، اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے اگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بند کرے اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرے۔ مزید برآں، نائب وزیر اعظم نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کو حل کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور بطور ثالث کردار سے آگاہ کیا، جس پر نارویجن وزیرِ خارجہ نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ دونوں ممالک نے اقوامِ متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور عالمی تنازعات کے پرامن حل کے عزم کا اعادہ کیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *