تلہار: عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر آگاہی ریلی
تلہار (نمائندہ جسارت ) تلہار عالمی یومِ ہیپاٹائٹس 2026 کے موقع پر رورل ہیلتھ سینٹر تلہار میں ہیپاٹائٹس بی اور سی جیسے موذی مرض کے حوالے سے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لیے پیرامیڈیکل اسٹاف کی جانب سے آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا مقصد شہریوں کو ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر سے متعلق معلومات فراہم کرنا تھا تاکہ اس خطرناک بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ریلی میں رورل ہیلتھ سینٹر تلہار کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زاہد محمود آرائیں، عبدالرشید ملاح، پیرامیڈیکل اسٹاف، محکمہ صحت کے ملازمین اور ٹاؤن کمیٹی تلہار کے عملے نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں عالمی یومِ ہیپاٹائٹس 2026 کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق مختلف پیغامات درج تھے۔اس موقع پر ڈاکٹر زاہد محمود آرائیں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی خطرناک مگر قابلِ بچاؤ بیماریاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام غیر معیاری اور استعمال شدہ سرنجوں کے استعمال سے گریز کریں، صرف جراثیم سے پاک سرنجیں استعمال کریں، خون کی منتقلی ہمیشہ مکمل جانچ کے بعد ہی کرائیں اور بیماری کی علامات یا شبہ ہونے کی صورت میں فوری طور پر ٹیسٹ کروا کر مستند اور ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیپاٹائٹس کے خلاف آگاہی مہمات کا بنیادی مقصد عوام کو درست معلومات فراہم کرنا، بیماری کے پھیلاؤ کو روکنا اور معاشرے میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔