بھارتی کرکٹر ابھیشیک پورل گرفتار، میڈیکل طالبہ کی شکایت پر سنگین مقدمہ درج
نئی دہلی : بھارتی کرکٹر اور آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کرنے والے ابھیشیک پورل کو ایک میڈیکل طالبہ کی شکایت پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے کرکٹر کے خلاف مبینہ زیادتی، مجرمانہ دھمکیوں اور تشدد سمیت سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق خاتون نے رواں سال جون میں پولیس سے رجوع کیا تھا۔ شکایت میں خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ گزشتہ تین برس سے ابھیشیک پورل کے ساتھ تعلقات میں تھیں اور کرکٹر نے ان سے شادی کا وعدہ کیا تھا۔
خاتون نے الزام عائد کیا کہ شادی کی یقین دہانی پر دونوں کے درمیان جنسی تعلق قائم ہوا، تاہم بعد ازاں ابھیشیک پورل نے شادی سے انکار کرتے ہوئے ان سے دوری اختیار کرنا شروع کردی۔
شکایت میں کرکٹر پر مبینہ تشدد اور مجرمانہ دھمکیاں دینے کے الزامات بھی عائد کیے گئے، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بعد ازاں کلکتہ ہائی کورٹ نے پولیس کو مقدمے میں ابھیشیک پورل کی گرفتاری کی ہدایت کی، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب ابھیشیک پورل ماضی میں اپنے خلاف عائد الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق معاملے کی تفتیش جاری ہے جبکہ خاتون کی جانب سے عائد الزامات تاحال عدالت میں ثابت نہیں ہوئے۔
24 سالہ بائیں ہاتھ کے بلے باز ابھیشیک پورل 2023 سے آئی پی ایل کی ٹیم دہلی کیپیٹلز کا حصہ ہیں۔ گزشتہ سیزن میں انہوں نے ٹیم کی جانب سے 4 اننگز کھیلتے ہوئے 108 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں، یوم آزادی پر مسلح افواج کا عزم