پی سی بی نے حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی عائد کردی
لاہور(نیوز ڈیسک)پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی عائد کردی۔ترجمان پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر کیخلاف ویزا درخواست میں غلط اور نامکمل معلومات فراہم کرنے پر کارروائی ہوئی۔
حمزہ نذر2 سال تک کسی بھی ڈومیسٹک یا انٹرنیشنل کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے، حمزہ نذر پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر کے خلاف کارروائی بورڈ کے ذریعے ویزا درخواست دیتے وقت فراہم کردہ معلومات کی تحقیقات کے بعد کی گئی۔ انکوائری میں سامنے آیا کہ انہوں نے مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، بعض اہم حقائق چھپائے اور گمراہ کن معلومات فراہم کیں۔
معاملے کی تحقیقات کے لیے پی سی بی نے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے حمزہ نذر کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور متعلقہ معاملات پر وضاحت دینے کا موقع فراہم کیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ غلط بیانی، اہم معلومات چھپانے اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے جیسے معاملات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور ایسا طرزِ عمل پاکستان کرکٹ سے وابستہ افراد سے متوقع دیانت داری، پیشہ ورانہ رویے اور ذمہ داری کے معیار کے منافی ہے۔