بدترین بے ضابطگیاں: وزیراعظم کا کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کے آڈٹ کا حکم

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کے تین سالہ آڈٹ کا حکم دے دیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر جائزہ اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، جس میں انہوں نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کا 3 سال کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں کسی بھی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی بے ضابطگی اور غیر قانونی سرگرمی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔اجلاس کو کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ کسٹمز ویئر ہاؤسز میں پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق کارگو کی نگرانی وی-باک (We-BOC) سسٹم سے منسلک ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بانڈڈ تجارت ملک کی کل درآمدات کا 16۔5 فیصد ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی فزیکل اسٹاک ویری فکیشن بھی کروائی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی لائسنسنگ اور سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی ویلیوایشن ٹیسٹنگ کروائی جائے گی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹمز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں بے ضابطگیوں کو ختم کرنے کے حوالے سے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر پیٹرولیم ڈویڑن علی پرویز ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی عثمان اویسی، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک ہوئے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *