ہم دشمنوں کیخلاف بھر پور طاقت کیساتھ کھڑے ہیں: ایرانی آرمی چیف
ایرانی فوج کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ حالیہ تنازعات کے دوران غیر ملکی دشمن ایران کے خلاف اپنے کسی بھی اہم اسٹریٹجک مقصد کے حصول میں ناکام رہے۔
ایرانی فوج کے شہدا کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر حاتمی نے کہا کہ جنگ میں کامیابی کا بنیادی معیار یہ ہے کہ دشمن کو اپنے مقررہ اہداف حاصل کرنے سے روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی دفاعی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے باوجود مسلح افواج نے جنگ کے آخری لمحات تک بھرپور انداز میں میزائل اور ڈرونز کا استعمال جاری رکھا۔ ان کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی یونٹس نے متعدد دشمن ڈرونز، جنگی طیاروں اور اسٹریٹجک آلات کو بھی نشانہ بنایا۔
امیر حاتمی نے ایرانی دفاعی صلاحیت کمزور ہونے سے متعلق بیرونی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن خود اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ ایرانی مسلح افواج آج بھی طاقت، عزم، جدت اور بہادری کے ساتھ اپنی پوزیشن پر قائم ہیں۔