سیمنٹ کی قیمت میں کمی، مختلف شہروں میں نیا ریٹ سامنے آگیا
ملک میں سیمنٹ کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 10 روپے کم ہوگئی۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق 27 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران شمالی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1555 روپے رہی۔ اس سے ایک ہفتہ قبل یہی قیمت 1565 روپے فی بوری ریکارڈ کی گئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی قیمت میں تقریباً 0.63 فیصد کمی ہوئی ہے۔ دوسری جانب ملک کے جنوبی شہروں میں بھی سیمنٹ کی اوسط ریٹیل قیمت میں معمولی کمی سامنے آئی ہے۔
جنوبی علاقوں میں 27 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1539 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ گزشتہ ہفتے یہ قیمت 1547 روپے تھی۔ یوں جنوبی علاقوں میں فی بوری قیمت میں 8 روپے کی کمی ہوئی۔
شہروں کے لحاظ سے دیکھا جائے تو اسلام آباد میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1532 روپے، راولپنڈی میں 1535 روپے، گوجرانوالہ میں 1600 روپے اور سیالکوٹ میں 1500 روپے رہی۔ لاہور میں فی بوری قیمت 1590 روپے جبکہ فیصل آباد میں 1550 روپے ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح سرگودھا میں سیمنٹ کی اوسط قیمت 1582 روپے، ملتان میں 1591 روپے، بہاولپور میں 1560 روپے، پشاور میں 1573 روپے اور بنوں میں 1490 روپے فی بوری رہی۔
جنوبی شہروں میں کراچی میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1470 روپے، حیدرآباد میں 1519 روپے، سکھر میں 1600 روپے اور لاڑکانہ میں 1523 روپے ریکارڈ کی گئی۔ کوئٹہ میں یہ قیمت 1520 روپے جبکہ خضدار میں 1600 روپے رہی۔
سیمنٹ کی قیمت میں یہ کمی تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد اور گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنانے والے صارفین کے لیے کسی حد تک ریلیف کا باعث بن سکتی ہے، تاہم مختلف شہروں میں قیمتوں میں فرق بدستور موجود ہے۔