جماعت اسلامی کا
|

جماعت اسلامی کا وژن 9 ٹاؤنز میں اربن فاریسٹ قائم کرنا ہے: منعم ظفرخان

کراچی:   امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کا وژن ہے کہ 9 ٹاؤنز میں اربن فاریسٹ قائم کریں گے۔ ہم نے اپنے ٹاؤنز میں 3 سال میں 234 پارکوں کو بحال اور پارکوں میں اوپن ایئر جم کا تصور پیش کیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع شرقی نعیم اختر،ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فوادکے ہمراہ اسماء گارڈن سے متصل یوسی 6 گلشن اقبال میں اربن فاریسٹ کا افتتاح  کیا اور گرین کراچی شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا۔

منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گلشن اقبال ٹاؤن میں اربن فاریسٹ کے قیام پر علاقہ مکینوں کومبارکباداور ٹاؤن چیئر مین اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ گلشن اقبال کو حقیقی معنوں میں گلشن بنانے کا کام کیا جارہا ہے۔گلشن اقبال میں اربن فاریسٹ کا قیام موسمیاتی تبدیلی میں شہریوں کے لیے بہتر زندگی کی علامت ہے۔ گزشتہ سال یونیورسٹی میں بھی ایک ہزار سے زائد درخت لگائے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا وژن ہے کہ 9 ٹاؤنز میں اربن فاریسٹ قائم کریں گے۔ ہم نے اپنے ٹاؤنز میں 3 سال میں 234 پارکوں کو بحال اور پارکوں میں اوپن ائیر جم کا تصور پیش کیا۔ ماحولیاتی تبدیلی کے پیش نظر شہر میں بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی کی بلدیاتی قیادت شجر کاری مہم اور اربن فاریسٹ کے ذریعے یہ کام کر رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی  نے کہا کہ سندھ حکومت اور دیگر حکومتی اداروں کی سرپرستی سے کراچی عملاً کنکریٹ کا جنگل بن گیا ہے۔ بڑی بڑی عمارتیں تو کھڑی ہوگئی ہیں لیکن درختوں کو ختم کردیا گیا۔ ریڈ لائین کے لیے ملیر کینٹ تا مزار قائد تک ہزاروں درخت اکھاڑ دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2015-16 میں ہیٹ ویوز میں ہزاروں شہری اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ درخت موجود نہ ہوں تو بارش کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی رہتا ہے۔ تحقیق کے مطابق 7 افراد کے لیے ایک درخت ضروری ہوتا ہے۔ کراچی کا ہر شہری اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنے گھر کے باہر ایک درخت لگائے۔ کراچی شہر ہم سب کا ہے اور جماعت اسلامی شہر کو ہمیشہ سے اون کرتی ہے۔ ہم شہر کے تحفظ اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے درخت لگاتے رہیں گے۔

اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد نے کہا کہ آج ہمارے لیے شکر اور خوشی کا موقع ہے کہ گلشن اقبال میں اربن فاریسٹ کا افتتاح کیا گیا،ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے سبزہ بہت ضروری ہے۔گزشتہ سال بھی ہم نے دو اربن فاریسٹ قائم کیے، آج کے اربن فاریسٹ کے منصوبے میں اب تک سینکڑوں پودے لگائے جاچکے ہیں۔

انہو ں نے بتایا کہ اس سال مزید دو اربن فاریسٹ لگائیں گے۔علاقہ مکینوں سے بھی ہماری اپیل ہے کہ ان پودوں کی حفاظت کریں اور گلشن اقبال کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔اس موقع پر یوسی 6وارڈ 2 کے کونسلرز سید توصیف جمیل، ناظم علاقہ نبیل احمد فاروقی، چیئرمین یوسی 6 ناصر اشفاق و دیگر بھی موجود تھے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *