پشاور: میٹرک کے امتحانات میں 10 ہزار طلبہ اسلامیات میں فیل
پشاور: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا، جس میں اسلامیات کا مضمون طلبہ کے لیے سب سے مشکل ثابت ہوا۔
نتائج کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں مجموعی طور پر تقریباً 10 ہزار طلبہ اسلامیات کے مضمون میں کامیاب نہ ہوسکے، جس کے باعث یہ مضمون ناکامی کی شرح کے اعتبار سے سرفہرست رہا۔
بورڈ کے جاری کردہ نتائج کے مطابق نویں جماعت کے امتحان میں 97 ہزار 950 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 57 ہزار 847 طلبہ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے دسویں جماعت میں پروموٹ کردیا گیا۔
نتائج کے مطابق بڑی تعداد میں طلبہ مختلف مضامین میں بھی مطلوبہ معیار حاصل نہ کرسکے، تاہم اسلامیات میں ناکام ہونے والے طلبہ کی تعداد سب سے زیادہ رہی۔ امتحانی نتائج کے بعد طلبہ اور والدین کی جانب سے تعلیمی کارکردگی اور مضمون میں ناکامی کی وجوہات پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
بورڈ حکام کے مطابق نتائج کی بنیاد پر طلبہ کی اگلی جماعت میں ترقی اور دیگر تعلیمی معاملات کا فیصلہ مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت کیا جائے گا۔