انٹر بورڈ کے
|

انٹر بورڈ کے نتائج جاری، تین طلبہ اول پوزیشن پر

کراچی: کراچی انٹر بورڈ پری انجینئرنگ نتائج 2026 کا اعلان کردیا گیا، پری انجینئرنگ گروپ میں تین طلبہ نے 1100 میں سے 1006 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیئے ہیں۔ نتائج کے مطابق پہلی پوزیشن پر تین امیدوار کامیاب رہے، جبکہ تیسری پوزیشن بھی دو طلبہ نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔

چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کے مطابق پہلی پوزیشن آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے محمد سعد عادل اور عبداللہ جمال جبکہ بحریہ کالج کارساز کی طالبہ عائشہ راشد نے حاصل کی۔ تینوں امیدواروں نے 1100 میں سے 1006 نمبر حاصل کرکے اے ون گریڈ حاصل کیا۔

دوسری اور تیسری پوزیشن کس نے حاصل کی؟
دوسری پوزیشن آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالب علم محمد احمد رضا نے حاصل کی۔ انہوں نے 1005 نمبر حاصل کیے اور اے ون گریڈ کے حقدار قرار پائے۔

تیسری پوزیشن بھی مشترکہ رہی۔ دہلی گورنمنٹ کالج کے حافظ عبدالرافع طارق اور آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے انس جاوید نے 1004، 1004 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

نتائج میں آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کی کارکردگی نمایاں رہی، جس کے چار طلبہ نے پہلی تین پوزیشنوں میں جگہ بنائی۔

کامیابی کا تناسب 55 فیصد سے زائد
ناظم امتحانات زرینہ راشد کے مطابق پری انجینئرنگ گروپ کے لیے 18 ہزار 464 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ 18 ہزار 14 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔

ان میں سے 9 ہزار 922 امیدوار کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا مجموعی تناسب 55.08 فیصد رہا۔

گریڈز کی تفصیلات کے مطابق 980 امیدوار اے ون، 1781 اے، 2198 بی، 2659 سی، 2029 ڈی اور 216 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے، جبکہ 59 امیدوار پاس قرار پائے۔

کراچی انٹر بورڈ پری انجینئرنگ نتائج 2026 بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ طلبہ اپنے نتائج بورڈ کی آفیشل اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے بھی دیکھ سکتے ہیں۔ ایپ گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے دستیاب ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *