حج 2027 کیلئے سرکاری سکیم ، عازمین کیلئے اہم اعلان
اسلام آباد: سرکاری حج سکیم 2027 کے تحت عازمین حج سے درخواستوں کی وصولی کل 18 اگست سے شروع ہوگی۔ وزارت مذہبی امور کے تحت درخواستیں مقررہ بینک برانچز اور آن لائن نظام کے ذریعے جمع کرائی جاسکیں گی۔
درخواستوں کی وصولی میں ایک روز کی تاخیر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق سرکاری حج سکیم کے لیے صرف وہی عازمین درخواست دینے کے اہل ہوں گے جو پہلے سے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔
پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستیں
حج درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی۔ سرکاری حج سکیم کا مقررہ کوٹہ مکمل ہونے کے بعد مزید درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی، اس لیے رجسٹرڈ عازمین کو بروقت درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق عازمین حج درخواست اور متعلقہ اخراجات آن لائن یا مقررہ بینک برانچز کے ذریعے جمع کراسکتے ہیں۔ حج اخراجات سرکاری اسکیم کے تحت دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔
سرکاری اور نجی حج اسکیم کا کوٹہ
حج 2027 کے لیے پاکستانی عازمین کا مجموعی کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے۔ اس میں سرکاری حج سکیم کے لیے ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کا کوٹہ مختص ہے، جبکہ نجی حج اسکیم کے تحت 71 ہزار 684 افراد حج ادا کرسکیں گے۔
سرکاری حج سکیم 2027 کے تحت درخواست دینے والے عازمین کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق درخواست مکمل کرنا ہوگی۔ درخواستوں کی وصولی کوٹہ مکمل ہونے تک جاری رہے گی۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ درخواست جمع کرانے سے قبل تمام ضروری معلومات اور دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ درخواست کے عمل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔