کراچی والوں کی پریشانیوں کودل سےمحسوس کرتی ہوں،مریم نواز
لاہور:وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اور دیگر صوبوں کے لوگوں کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔ کراچی اور سندھ کے عوام کی پریشانیوں کو بھی دل سے محسوس کرتی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں معیارِ تعلیم بہتر بنانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے پنجاب میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے نواز شریف سکول آف ایمیننس منصوبے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وفد کی جانب سے بتایا گیا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس اساتذہ کے لیے جدید تدریسی طریقہ کار پر مبنی ڈیجیٹل تربیتی پروگرام، استعداد کار میں اضافے کے منصوبوں، تدریسی رہنما کتاب اور دیگر تعلیمی امور میں معاونت فراہم کرے گا۔
وفد نے نواز شریف سکول آف ایمیننس کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں تعلیم کا معیار حیران کن حد تک اعلیٰ ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے محکمہ تعلیم پنجاب کے ساتھ اشتراکِ کار کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبے میں تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب صورتحال تبدیل ہورہی ہے اور لوگ سرکاری سکولوں میں اپنے بچوں کے داخلوں کے لیے بھی کوشاں نظر آتے ہیں۔