بسنت کے حوالے سے اچھی خبر آ گئی
لاہور (17 اگست 2026): پنجاب حکومت نے پنجاب بھر میں بسنت منانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے بعد آئندہ سال صوبے کے مختلف علاقوں میں اس روایتی تہوار کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے اگلے سال جنوری کے آخری ہفتے میں صوبہ بھر میں بسنت منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم تہوار کے انعقاد کے لیے مخصوص مقامات، پتنگ بازی کے طریقہ کار اور دیگر حفاظتی قواعد و ضوابط کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بسنت کے حوالے سے باقاعدہ قانون سازی بھی کی جائے گی، جبکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات قانون کا حصہ ہوں گے۔ حکومت کی جانب سے پتنگ بازی کے دوران خطرناک ڈور کے استعمال سمیت دیگر خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے ضابطہ کار تیار کیا جا رہا ہے۔
پتنگ اور ڈور کی تیاری کب شروع ہوگی؟
ذرائع کے مطابق بسنت کے لیے پتنگوں اور ڈور کی تیاری رواں سال اکتوبر سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ حکومت مخصوص مقامات پر پتنگ سازی کی اجازت دینے کے لیے انتظامی منصوبہ بھی تیار کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ پتنگوں اور ڈور کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر یہ سامان دستیاب ہوسکے۔
حکومتی منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں بسنت ایک منظم طریقے اور مقررہ حفاظتی ضوابط کے تحت منائی جائے گی۔ نامزد مقامات اور تفصیلی قواعد کا اعلان آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔
بسنت کی بحالی کے فیصلے سے شہریوں بالخصوص پتنگ بازی کے شوقین افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، تاہم حکومت کی جانب سے حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔