| |

جنوبی لبنان میں دھماکا، 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ، 4 شدید زخمی

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبے مجدل زون میں دھماکا خیز مواد پھٹنے سے اپنے 2 فوجیوں کی ہلاکت اور 4 دیگر کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق واقعے کے بعد اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی کہ فوج نے حزب اللہ کے خلاف دوبارہ کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

فوجی بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 34 سالہ میجر حارل بیرنسٹاک اور 33 سالہ سارجنٹ میجر تمیر واکنین شامل ہیں۔ دونوں اہلکار 55ویں پیراٹروپرز بریگیڈ سے وابستہ تھے اور جنوبی لبنان میں فوجی آپریشن کا حصہ تھے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق بدھ کی دوپہر ریزرو بریگیڈ کے اہلکار حزب اللہ کے مبینہ انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی غرض سے مجدل زون کی ایک عمارت میں داخل ہوئے، تاہم عمارت میں داخل ہوتے ہی زور دار دھماکا ہوگیا، جس سے 2 فوجی موقع پر ہلاک ہو گئے۔

اس دھماکے میں 4 دیگر اہلکار شدید زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے اسباب کا تعین کیا جا سکے۔

اُدھر اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اس واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے ٹھکانوں کے خلاف دوبارہ حملے کیے، تاہم ان کارروائیوں کے نتائج یا ممکنہ نقصانات کے بارے میں فوری طور پر مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب جنوبی لبنان کی سرحدی پٹی میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ حالیہ دھماکے نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے اور دونوں جانب تناؤ میں اضافے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *