| |

ایکس منی متعارف، صارفین کیلئے کمائی اور بینکنگ سہولت کا آغاز

نیویارک: ایکس منی کے آغاز کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے اپنے صارفین کے لیے مالیاتی خدمات کا نیا باب کھول دیا ہے۔ کمپنی نے امریکا میں پریمیم اور پریمیم پلس صارفین کے لیے ایسی سہولت متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے ادائیگیاں، رقم کی منتقلی اور دیگر مالیاتی خدمات براہِ راست ایپ کے اندر انجام دی جا سکیں گی۔

کمپنی کے مطابق 28 جولائی سے یہ سروس امریکا بھر میں تمام اہل پریمیم صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ اس اقدام کو ایلون مسک کے اس منصوبے کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے جس کے تحت وہ ایکس کو ایک مکمل “ایوری تھنگ ایپ” میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

ایکس منی کے ذریعے صارفین اپنے اکاؤنٹ میں رقم محفوظ رکھ سکیں گے، دوسرے صارفین کو فوری رقم بھیج سکیں گے، بل ادا کر سکیں گے، وائر ٹرانسفر کر سکیں گے اور بعض معاملات میں فزیکل چیک بھی جاری کیے جا سکیں گے۔ کمپنی نے اس کے ساتھ ویزا ڈیبٹ کارڈ بھی متعارف کرایا ہے، جسے عام بینک کارڈ کی طرح استعمال کیا جا سکے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کی رقوم امریکی بینک Cross River Bank میں محفوظ رکھی جائیں گی، جہاں اہل ڈپازٹس کو امریکی قوانین کے تحت مقررہ حد تک انشورنس تحفظ بھی حاصل ہوگا۔

ایکس نے ایک کیش سوئپ پروگرام بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت مخصوص شرائط پوری ہونے پر صارفین کی رقوم مختلف شراکت دار بینکوں میں منتقل کی جا سکیں گی تاکہ زیادہ مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ پریمیم پلس صارفین اہل ڈپازٹس پر 6 فیصد سالانہ منافع (APY) حاصل کر سکیں گے، جبکہ پریمیم صارفین بھی مقررہ شرائط پوری کرنے کے بعد اسی شرح سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ سروس مالیاتی ٹیکنالوجی کی معروف ایپس کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ ایک ہی پلیٹ فارم پر سوشل میڈیا، ادائیگیوں اور بینکنگ جیسی سہولیات فراہم کرنا ایک منفرد قدم ہے۔

تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت فی الحال صرف امریکا میں دستیاب ہے اور دیگر ممالک میں اس کے آغاز سے متعلق ابھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *