سرکاری کالجوں کے دوروں کے موقع پر سیکرٹری کو اجرک، سندھی ٹوپی،گلدستے اور دیگر تحائف دینے پر پابندی
کراچی: محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے سرکاری کالجوں کے دوروں کے دوران سیکرٹری کالج ایجوکیشن کو ہر قسم کے تحائف پیش کرنے پر پابندی عائد کردی۔
محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کی جانب سے 6 اگست 2026 کو جاری کیے گئے مراسلے میں ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ، کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، سکھر اور لاڑکانہ کے ریجنل ڈائریکٹرز سمیت صوبے کے تمام سرکاری کالجوں کے پرنسپلز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سیکرٹری کالج ایجوکیشن کے سرکاری دوروں کے موقع پر انہیں کسی بھی نوعیت کا تحفہ پیش نہ کیا جائے۔ ہدایات میں خصوصی طور پر اجرک، سندھی ٹوپی اور گلدستے پیش کرنے سے منع کیا گیا ہے، جبکہ یادگاری شیلڈز، سووینئرز اور دیگر کسی بھی قسم کی یادگاری اشیا بھی دینے پر پابندی ہوگی۔
محکمہ کالج ایجوکیشن نے تمام متعلقہ افسران اور کالج پرنسپلز کو ہدایت کی ہے کہ ان احکامات پر ان کی روح اور منشا کے مطابق سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
مراسلے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔