ایران جنگ: ٹرمپ کی وزیرِ دفاع پر برہمی، امریکی اسلحہ ذخائر میں کمی کا دعویٰ
واشنگٹن: ایران کے ساتھ جنگ کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مایوسی اور غصہ کھل کر سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جہاں امریکی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ نے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے گولہ بارود کی کمی پر جواب طلب کیا۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اس معاملے سے باخبر دو افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ جمعے کو کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ کے اجلاس کے موقع پر پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق ٹرمپ نے وزیرِ دفاع سے سوال کیا کہ انہیں گولہ بارود کے ذخائر سے متعلق کیوں گمراہ کیا گیا، کیونکہ اس کمی کے باعث ایران کے خلاف امریکا کے فوجی آپشنز محدود ہو رہے ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ نے پیٹ ہیگسیتھ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ گولہ بارود کا مسئلہ حل ہوچکا ہے۔ خاص طور پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے گائیڈڈ میزائلوں اور فضائی دفاعی نظام کے انٹرسیپٹرز کی کمی کو ایران کے خلاف مزید بڑے حملوں میں رکاوٹ قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے دفاع میں اس کمی اور صدر کو مکمل طور پر آگاہ نہ کیے جانے کی ذمہ داری اپنے نائب اسٹیفن فینبرگ پر ڈالنے سے متعلق مؤقف اختیار کیا۔ رپورٹ کے مطابق اس معاملے نے صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیرِ دفاع سے متعلق بڑھتی ہوئی مایوسی کو بھی نمایاں کیا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق پیٹ ہیگسیتھ ان حکام میں شامل تھے جنہوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی بھرپور حمایت کی تھی اور صدر ٹرمپ کو یقین دلایا تھا کہ کارروائی فوری اور نسبتاً آسان کامیابی ثابت ہوگی۔ تاہم اسلحے کے ذخائر سے متعلق صورتحال کے باعث ایران کے خلاف مزید کارروائی کے امکانات محدود ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون نے رپورٹ میں کیے گئے دعووں کی سختی سے تردید کردی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے کہا کہ یہ خبر مکمل طور پر جعلی ہے، ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور صدر ٹرمپ کو وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ پر مکمل اعتماد ہے۔
پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے بھی دعووں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ دفاع نے گولہ بارود کی صورتحال کے حوالے سے کسی کو گمراہ نہیں کیا اور نہ ہی اپنے نائب اسٹیفن فینبرگ کو موردِ الزام ٹھہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی اسلحہ ذخائر میں کمی، اندرونی اختلافات اور پیٹ ہیگسیتھ کے ایران سے متعلق مؤقف کے بارے میں کیے گئے دعوے بے بنیاد ہیں۔
یوں ایک جانب امریکی میڈیا میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے اسلحہ ذخائر پر تشویش اور ٹرمپ کی ناراضی کی رپورٹ سامنے آئی ہے، جبکہ دوسری جانب وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون نے ان تمام دعووں کو مسترد کردیا ہے۔