وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 27 ستمبر 2026 کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اہل خانہ اور ذاتی معالج سے ملاقات کی اجازت دی جائے جبکہ مقدمات میرٹ پر سنے جائیں۔
سہیل آفریدی نے مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی اور مطالبات کی منظوری تک تحریک کو آگے بڑھایا جائے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ہے، سہیل آفریدی کے خطاب کے دوران کارکنوں نے ڈی چوک کے نعرے لگائے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ لانگ مارچ کا رخ اڈیالہ جیل کی طرف ہوگا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے بھی کہا ہے کہ 27 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کے لیے مکمل ہوم ورک کر لیا گیا ہے اور پارٹی جامع منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں آئے گی۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ مارچ کا آغاز پشاور سے ہوگا جبکہ ملک بھر سے پارٹی عہدیدار اور ٹکٹ ہولڈرز بھی اسلام آباد پہنچیں گے، تحریک بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک جاری رہے گی اور پارٹی اسلام آباد میں احتجاج کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر کے آئے گی،مارچ میں ریاستی مشینری کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ ماضی میں اسلام آباد میں کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کی جاتی رہی ہیں، مارچ کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، اگر کسی ایک ٹیم کو رکاوٹ کا سامنا ہوا تو دوسری ٹیم آگے بڑھے گی۔
پشاور میں ہونے والے جلسے سے متعلق شفیع جان نے دعویٰ کیا کہ جلسے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جبکہ جلسہ گاہ کے لیے مقرر کردہ جگہ شرکاء کے لیے ناکافی تھی اور بڑی تعداد میں لوگ باہر موجود رہے۔