آزاد کشمیر صدارتی
|

آزاد کشمیر صدارتی انتخاب، ن لیگ کا ڈاکٹر نجیب نقی کو امیدوار بنانے پر غور

مظفرآباد: آزاد کشمیر صدارتی انتخاب کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے امیدوار کے نام پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدارتی امیدوار بنانے کا تقریباً حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور ان کی نامزدگی کا باقاعدہ اعلان آئندہ ایک روز میں متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے صدر کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر نجیب نقی کے نام کو ترجیح دی گئی ہے۔ اس معاملے پر مری میں ہونے والے پارٹی کے اہم اجلاس میں بھی تفصیلی مشاورت کی گئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق صدارتی امیدوار کے لیے مسلم لیگ ن کے اندر ڈاکٹر نجیب نقی کے علاوہ چوہدری سعید اور مشتاق منہاس کے نام بھی زیر غور رہے، تاہم پونچھ ڈویژن کی سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر نجیب نقی کے نام کو زیادہ موزوں سمجھا گیا۔

مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے صدارتی امیدوار کے نام پر مشاورت تقریباً مکمل کرلی گئی ہے، تاہم حتمی اعلان پارٹی کی جانب سے کیے جانے کے بعد ہی نامزدگی باضابطہ تصور ہوگی۔ موجودہ صورتحال میں ڈاکٹر نجیب نقی کے بطور صدارتی امیدوار سامنے آنے کے امکانات زیادہ ظاہر کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی جانب سے بھی صدارتی انتخاب کے سلسلے میں سیاسی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصل ممتاز راٹھور پیپلز پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدواروں میں شامل ہیں اور پارٹی کی سطح پر انتخاب کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ ن کو واضح عددی برتری حاصل ہے، جس کے باعث پارٹی قیادت اپنے امیدوار کی کامیابی کے حوالے سے پُراعتماد دکھائی دیتی ہے۔ تاہم صدارتی انتخاب کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں اور امیدواروں کے حوالے سے حتمی صورتحال پارٹیوں کے باضابطہ فیصلوں کے بعد مزید واضح ہوگی۔

یوں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے بعد اب صدارتی انتخاب بھی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے اور تمام بڑی جماعتیں اپنے امیدوار اور انتخابی حکمت عملی کے حوالے سے مشاورت میں مصروف ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *