|

حکومت نے ڈیزل مہنگا، پیٹرول ایک روپیہ سستا کر دیا

اسلام آباد:آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی سفارشات کی روشنی میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔

پیٹرولیم ڈویژن نے 28 جولائی کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، تازہ نوٹیفکیشن کے تحت پیٹرول سستا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا کر دیا گیا ہے

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 383 روپے 46 پیسے سے بڑھ کر 386 روپے 83 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب عوام کو پیٹرول کی قیمت میں معمولی ریلیف دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 1 روپے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 335 روپے 18 پیسے سے کم ہو کر 334 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق 28 جولائی کو رات 12 بجے کے بعد سے نافذ العمل ہوگا اور آئندہ نظرثانی تک یہی نرخ برقرار رہیں گے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں، درآمدی لاگت، شرح مبادلہ اور دیگر متعلقہ مالی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے، جس کے بعد آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی سفارشات پر حکومت نئی قیمتوں کی منظوری دیتی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *