پمز سانحہ: 15 نومولود کی اموات پر پیپلز پارٹی کا شفاف تحقیقات اور سخت کارروائی کا مطالبہ
اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے پمز اسپتال کی گائنی وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود کی اموات پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان اور سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نیر حسین بخاری نے پمز اسپتال کا دورہ کیا اور واقعے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ 14 نومولود کی اموات پر ہر ماں اور باپ کا دل پھٹ رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں ایسی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے کہ جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر 14 ننھی جانیں دنیا سے چلی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی حالت اتنی خراب تھی کہ ان کی شناخت تک ممکن نہیں رہی جبکہ جاں بحق بچوں کے والدین کے ساتھ اسپتال انتظامیہ نے بھی مناسب تعاون نہیں کیا،یہ محض ایک حادثہ نہیں بلکہ بہت سے اہم سوالات چھوڑ گیا ہے، جس کے مکمل جواب قوم کے سامنے آنے چاہئیں۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لیا ہے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کو بھی جواب دینا ہوگا۔ حادثے کے دوران اسپتال میں پانی کی عدم دستیابی، ایمرجنسی گیٹس کے بند ہونے اور ڈاکٹروں کی عدم موجودگی جیسے سنگین سوالات سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن ماؤں کے لختِ جگر اس سانحے میں چلے گئے، ان سے پوچھا جائے کہ انہوں نے کس اذیت کا سامنا کیا، وہ سیاست کرنے نہیں بلکہ اپنی قیادت کی ہدایت پر عوام کی جانب سے سوال پوچھنے اور ذمہ داروں کو بے نقاب کرنے پمز آئی ہیں۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں وزارتِ صحت کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اگر وزارت اپنے زیرِ انتظام اسپتالوں میں بنیادی سہولیات اور مریضوں کی حفاظت یقینی نہیں بنا سکتی تو اسے عوامی فنڈز لینے کا کوئی جواز نہیں، وزارتِ صحت کو ختم کرکے اس کے معاملات صوبوں کو منتقل کرنے پر بھی غور ہونا چاہیے۔
دوسری جانب سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نیر حسین بخاری نے کہا کہ پمز میں 14 بچوں کا جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک اور بڑا المیہ ہے، یہ واقعہ بظاہر مکمل غفلت اور کوتاہی کا نتیجہ ہے۔
نیر حسین بخاری نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور تحقیقات کے ذریعے یہ تعین کیا جائے کہ سانحہ کیوں پیش آیا اور اس کے ذمہ دار کون ہیں، وزارتِ صحت کی کارکردگی بھی عوام کے سامنے آنی چاہیے، اگر دو اسپتال بھی مناسب انداز میں نہیں چلائے جا رہے تو متعلقہ وزیر اور حکام کو جواب دہ ہونا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ موجودہ حالات میں نظام مؤثر انداز میں چلتا ہوا اور گورننس بھی مؤثر نظر نہیں آرہی، اس لیے پمز سانحے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ضروری ہے۔