پیٹرولیم لیوی بھتہ
|

پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ختم اور پیٹرول 225 روپے فی لیٹر مقرر کیا جائے، منعم ظفر

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گورنر ہاؤس کے سامنے جاری دھرنے میں قوتِ گویائی و سماعت سے محروم خصوصی افراد کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ختم کیا جائے اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 225 روپے تین سال کے لیے مقرر کی جائے، آئی پی پیز کے عوام دشمن اور ظالمانہ معاہدے منسوخ کیے جائیں، انہیں دی جانے والی اربوں روپے کی کیپیسٹی پیمنٹس بند کی جائیں اور عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ مہنگا پیٹرول اور بجلی ہر شہری کا مسئلہ ہے، جماعت اسلامی کا دھرنا پورے ملک کے 25 کروڑ عوام کے دل کی آواز ہے اور مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ کنونشن میں بڑی تعداد میں ایسے افراد شریک ہیں جو قوتِ سماعت اور گویائی سے محروم ہیں۔ یہ خصوصی افراد پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی کے خلاف احتجاج میں شریک ہوکر اپنے احساسات و جذبات کا اظہار کر رہے ہیں، تاہم حکمران کچھ سننے اور دیکھنے سے محروم نظر آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد برابری کے حقوق چاہتے ہیں لیکن انہیں ان کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ نام نہاد سیاسی لوگ ان افراد کے کوٹے کو نظر انداز کرتے ہیں اور ان کے کوٹے پر سیاسی بھرتیاں کی جاتی ہیں۔ حکمرانوں نے ملک بھر کے عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا ہے، عوام کو بجلی، پانی، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور روزگار میسر نہیں۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ سندھ میں 78 لاکھ بچے، جن کی عمریں 5 سے 6 سال ہیں، اسکول جانے سے محروم ہیں۔ حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے پر تیار نہیں لیکن مہنگائی کا سارا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ پیٹرول پر 130 روپے کا ظالمانہ لیوی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، یہ ظلم کسی طور پر قابل قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے لیکن نصف سے زیادہ شہر میں پانی موجود نہیں۔ شہر کے کئی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔ کراچی کے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔

کنونشن میں شریک خصوصی افراد نے بھرپور یکجہتی اور جوش و خروش کا اظہار کیا، اپنے مخصوص انداز میں نعرے لگائے اور جماعت اسلامی کے مطالبات کی حمایت کی۔ اس موقع پر ان کی ایسوسی ایشن کے صدر خورشید اختر بھی موجود تھے جبکہ اسامہ نے اشاروں کی زبان میں منعم ظفر خان کی تقریر اور دھرنے کی دیگر کارروائی کو بیان کیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *