|

بارش کے پانی سے ہونے والی پاؤں کی خارش سے نجات کے آسان گھریلو نسخے

مون سون کے دوران بارش کا پانی، مسلسل نمی، گیلے جوتے اور موزے پہننے کی عادت پیروں کی جلد کو مختلف مسائل سے دوچار کر سکتی ہے۔ ایسے موسم میں خارش، جلن، سرخی اور دانے نکلنا عام شکایات میں شامل ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان ابتدائی علامات کو بروقت نظر انداز کر دیا جائے تو معمولی تکلیف بھی فنگس یا بیکٹیریا سے ہونے والے انفیکشن کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔

 

ماہرین کے مطابق بارش میں بھیگنے کے بعد سب سے پہلے پیروں کو صاف پانی سے اچھی طرح دھونا اور نرم تولیے سے مکمل خشک کرنا ضروری ہے۔ اس کے بعد ناریل کا تیل لگانے سے جلد کو نمی ملتی ہے اور اس میں موجود قدرتی جراثیم کش خصوصیات جلد پر فنگس اور بیکٹیریا کی افزائش کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں، جس سے خارش اور جلن میں بھی افاقہ ہوتا ہے۔

 

اگر خارش کے ساتھ جلن یا تپش بھی محسوس ہو رہی ہو تو ایلو ویرا کا تازہ گودا متاثرہ حصے پر لگانا فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ جلد کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے، سوزش کم کرتا ہے اور جلد کی قدرتی نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے، جس سے متاثرہ حصہ جلد بہتر ہونے لگتا ہے۔

 

جلد کے مسائل میں نیم کو بھی ایک مؤثر قدرتی جزو سمجھا جاتا ہے۔ نیم کے تازہ پتوں کو پانی کے ساتھ پیس کر تیار کیا گیا گاڑھا لیپ خارش یا ہلکی الرجی والی جگہ پر لگانے سے آرام مل سکتا ہے، کیونکہ نیم میں قدرتی جراثیم کش خصوصیات پائی جاتی ہیں جو جلد کو تحفظ فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

 

شدید خارش یا سوجن کی صورت میں ٹھنڈی پٹی بھی وقتی سکون پہنچا سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے برف کو کسی صاف کپڑے میں لپیٹ کر تقریباً 10 منٹ تک متاثرہ حصے پر رکھیں۔ برف کو براہِ راست جلد پر لگانے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے جلد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

 

اگر قدرتی اشیا دستیاب نہ ہوں تو معیاری موئسچرائزنگ یا جراثیم کش لوشن بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایسے لوشن جلد کی خشکی کم کرتے ہیں، جلن میں کمی لاتے ہیں اور جلد کو نرم رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

 

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں احتیاط بھی علاج جتنی ہی اہم ہے۔ بھیگنے کے فوراً بعد جوتے اور موزے تبدیل کریں، روزانہ صاف اور خشک موزے استعمال کریں، نم یا گیلے جوتے دوبارہ نہ پہنیں اور ایسے جوتوں کا انتخاب کریں جن میں ہوا کی آمدورفت ممکن ہو۔ جن افراد کے پیروں میں زیادہ پسینہ آتا ہو، ان کے لیے جراثیم کش پاؤڈر بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

 

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر خارش کئی روز تک برقرار رہے، شدید سوجن، پیپ، زخم، تیز درد، بخار یا متاثرہ حصے کے تیزی سے پھیلنے جیسی علامات ظاہر ہوں تو گھریلو تدابیر پر اکتفا کرنے کے بجائے فوری طور پر جلد کے مستند معالج سے رجوع کرنا چاہیے، کیونکہ بعض صورتوں میں جراثیم کش یا فنگس کش ادویات کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔

 

یاد رہے کہ یہ گھریلو تدابیر صرف ہلکی اور ابتدائی نوعیت کی تکالیف میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں، جبکہ مسلسل یا سنگین علامات کی صورت میں بروقت طبی معائنہ ہی محفوظ اور مؤثر طریقۂ علاج ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *