|

میر رضا علی کی قبر کشائی: پوسٹ مارٹم رپورٹ میں جسم پر تشدداور گولی لگنے نشانات پائے گئے

کراچی: کراچی میں اغوا کے بعد بہیمانہ طریقے سے قتل کیے جانے والے نوجوان میر رضا علی کی قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی،میر رضا علی کے جسم پر تشدداور گولی لگنے نشانات پائے گئے۔

پولیس سرجن آفس کی رپورٹ کے مطابق سول جج حامد اللہ کے حکم پر میر رضا کی قبرکشائی ڈفیوز سوسائٹی مسجد قبرستان میں کی گئی۔ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق میر رضا کو پیچھے سے گولی لگی، جو پیٹھ سے پسلیوں کو چیرتے ہوئے سینے سے باہر نکل گئی۔

میڈیا ذرائع کے رپورٹ کے مطابق میر رضا کی لاش رات 11 بج کر 50 منٹ پر قبر سے نکالی گئی، جبکہ پوسٹ مارٹم دوپہر 12 بجے شروع ہوا اور ایک بج کر 15 منٹ پر مکمل کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ایک بج کر 32 منٹ پر دوبارہ دفن کردی گئی۔

پولیس سرجن رپورٹ کے مطابق میر رضا کی عمر 25 سے 26 سال کے درمیان تھی، جبکہ لاش گلنے سڑنے کے آخری مرحلے میں تھی۔ کفن بھی گلنے سڑنے کے سیال مادے اور مٹی سے آلودہ تھا۔ میر رضا کا چہرہ ناقابلِ شناخت ہوچکا تھا، جبکہ زبان منہ کے اندر گل چکی تھی۔

رپورٹ کے مطابق میر رضا کے پاؤں پر بھی گولیوں کے نشانات پائے گئے، جسم کے نچلے حصے پر خون کے دھبے موجود تھے جبکہ جبڑے کے حصے میں گہری چوٹ اور زخم بھی پائے گئے۔ پسلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں اور جسم پر کالے دھبے بھی موجود تھے۔ رپورٹ میں جسم پر تشدد کے نشانات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

پولیس سرجن آفس کی رپورٹ میں قبرکشائی نمبر 09/26 اور تاریخ 8 اگست 2026 درج ہے، جبکہ کیس کا تعلق تھانہ فیروز آباد کی ایف آئی آر نمبر 795/26 سے بتایا گیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *