عالمی چپ مارکیٹ میں مہنگائی، پاکستان میں موبائل فون کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ
اسلام آباد: عالمی سطح پر سیمی کنڈکٹرز اور اسمارٹ فون چپس کی تیاری کی لاگت میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی موبائل فون کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
صنعتی ذرائع کے مطابق مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق جدید ڈیٹا سینٹرز کی بڑھتی ہوئی طلب نے میموری چپس، ویفر مینوفیکچرنگ، پیکجنگ اور دیگر اہم الیکٹرانک پرزہ جات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں اسمارٹ فون چپس کی پیداواری لاگت بھی بڑھ گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بڑھتی ہوئی لاگت کے اثرات عالمی موبائل انڈسٹری پر نمایاں طور پر مرتب ہو رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں مختلف کمپنیوں کی مصنوعات مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کی معروف موبائل چپ ساز کمپنی Qualcomm نے اپنے صارفین کو مختلف چپس کی قیمتوں میں اضافے سے آگاہ کر دیا ہے، جس کے اثرات آئندہ اسمارٹ فونز کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔