صادق آباد میں
|

صادق آباد میں ڈیرے پر سوئے 3 افراد فائرنگ سے قتل، آئی جی پنجاب کا نوٹس

صادق آباد میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سردار عالمگیر خان کوش، ان کا گارڈ معشوق علی اور میزبان یاسین کوش کا بیٹا ناظم جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ تھانہ احمدپور لمہ کی حدود میں رات تقریباً 2 بجے پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موضع بوہی واڑ میں یاسین کوش کے گھر مہمان آئے تھے۔ اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کی، جس سے تینوں افراد موقع پر دم توڑ گئے۔ مقتول سردار عالمگیر خان کوش کشمور کے گاؤں میر صاحب کوش سے تعلق رکھتے تھے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے، جبکہ پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی لاشیں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر واقعہ کسی سابقہ دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جارہا ہے، تاہم حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ڈی پی او رحیم یار خان کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

ڈی پی او رحیم یار خان نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق مشتبہ افراد کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار عالمگیر خان کوش نے کچے کے علاقے میں سرنڈر پالیسی کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ اُدھر پولیس نے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور ملوث افراد تک پہنچنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *