بحیرہ احمر میں حوثیوں کا تجارتی جہاز پر حملہ، 3 پاکستانی جاں بحق
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، ایسے حملے انسانی جانوں اور بحری سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لیے پاکستان متعلقہ سعودی حکام اور یمن کی حکومت سے رابطے میں ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس لانے اور زخمی شہری کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے بھی باب المندب میں تجارتی جہاز پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا،حملے کے نتیجے میں بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور بین الاقوامی پانیوں میں آزادانہ اور محفوظ جہاز رانی کے اصول کی حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی قیادت میں بحری سلامتی کے حوالے سے قائم اتحاد کا حصہ ہے اور بین الاقوامی پانیوں میں محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔