یمن نےحوثیوں کیخلاف فوجی آپریشن شروع کر دیا
ریاض: یمن نے حوثیوں اور ان کے فوجی سازوسامان کے خلاف فوجی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن حوثیوں کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کے جواب میں کیا گیا۔
یمنی فوج کے مطابق صوبہ مارب میں حوثی تنظیم انصار اللہ کے حملوں کے ردِعمل میں فوجی آپریشن کیا گیا، جس کے دوران حوثیوں اور ان کے فوجی سازوسامان کو نشانہ بنایا گیا۔
یمنی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے بیرونی ایجنڈوں کی تکمیل کے لیے یمن کو علاقائی تنازعات میں دھکیل دیا ہے، جبکہ ان کی کارروائیوں نے ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا اور عوام میں فرقہ واریت کو فروغ دیا۔
وزارت دفاع کے بیان کے مطابق یمنی فوج کی جانب سے کی جانے والی کارروائی حوثیوں کی مبینہ غدارانہ سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز یمنی صوبے مارب میں انصار اللہ کے حملے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یمنی فوجی ذرائع کے مطابق حملے میں فوج کے 8 اہلکار ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب انصار اللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے مارب میں سرکاری فوج کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا۔