وزیرتعلیم کےاستعفےکاخیرمقدم کرتےہیں،جماعت اسلامی ہند
نئی دہلی:جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر، پروفیسرسلیم انجینئرنے مرکزی وزیرِتعلیم دھرمیندرپردھان کے استعفے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امتحانی بے ضابطگیوں اورنیٹ پرچہ لیک تنازع کے تناظرمیں احتساب کی جانب ایک دیرسے اٹھایا گیا اہم قدم قراردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ استعفا بہت پہلے آ جانا چاہیے تھا، تاہم موجودہ مرحلے پربھی یہ اس بات کا اعتراف ہے کہ ملک بھرکے طلبہ کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات اوراعتراضات نہایت سنجیدہ نوعیت کے تھے۔
جماعت اسلامی ہند مرکزی وزیرِ تعلیم کے استعفے کا خیرمقدم کرتی ہے۔ ہم جنریشن زی، طلبہ تنظیموں اورملک بھرکے ان ہزاروں نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، جنہوں نے احتساب کے مطالبے کے لیے پرامن احتجاج میں حصہ لیا۔
گزشتہ کئی ہفتوں کے دوران نوجوانوں نے جس عزم، صبراورجمہوری شعورکا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔
پروفیسرسلیم انجینئرنے کہا کہ ہم اس تحریک کے دوران دہلی اوربہارمیں پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کے بے جااستعمال پربھی شدید تشویش کا اظہارکرتے ہیں۔
پولیس کی مبینہ زیادتیوں، جن میں لاٹھی چارج، پیلٹ گن کا استعمال، قریب سے آنسوگیس کے گولے داغنا اورپرامن مظاہرین کوغیرقانونی طورپرحراست میں لینا شامل ہے، نہایت تشویشناک ہیں اوران کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہییں۔