کراچی میں آج سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں ریکارڈ، کل بھی بارش کی پیش گوئی
کراچی میں مون سون نظام کے اثرات کے باعث ہفتے کے روز شہر کے مختلف علاقوں اور مضافات میں کہیں ہلکی تو کہیں درمیانی شدت کی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج اور پیر کے دوران بھی مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ 4 ملی میٹر بارش سرجانی ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ گلشنِ معمار میں 3.4 ملی میٹر اور پی اے ایف بیس مسرور میں 2.3 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ گلشنِ حدید میں 1.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو شہر میں سب سے کم مقدار رہی۔
دن کے آغاز پر کراچی میں شدید حبس اور نمی کی کیفیت برقرار رہی، تاہم بعد ازاں نچلی فضائی سطح پر بادل بننے کے باعث آسمان مکمل طور پر ابر آلود ہوگیا۔ اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں بوندا باندی اور کہیں پھوار پڑی، جبکہ گلشنِ معمار، سرجانی ٹاؤن، اسکیم 33 اور دیگر مضافاتی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
ترجمان اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر آج اور پیر کو بھی کراچی میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان موجود ہے، تاہم اس مون سون نظام کے تحت شہر میں موسلا دھار بارش کی توقع نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ کے مطابق ہوا کا شدید کم دباؤ کمزور ہو کر عام کم دباؤ میں تبدیل ہو چکا ہے اور اس وقت بھارتی ریاست راجستھان کے جنوب مشرقی حصے پر موجود ہے۔ اس نظام کے باعث بحیرۂ عرب اور خلیجِ بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے، جس کے مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان دونوں موسمی نظاموں کے مشترکہ اثرات کے باعث سندھ کے دیہی علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ بعض اضلاع میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کے روز کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد رہا، جس کے باعث بارش سے قبل موسم خاصا مرطوب محسوس کیا گیا۔