|

مسلح افراد نے کوئٹہ سے کراچی آتے ہوئے پی سی بی کے فرسٹ کلاس امپائر سے گاڑی چھین لی

بلوچستان کی شاہراہوں پر عدم تحفظ کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے فرسٹ کلاس امپائر بھی ڈاکوؤں سے محفوظ نہ رہ سکے۔ ریفریشر کورس میں شرکت کے لیے کوئٹہ سے کراچی جاتے ہوئے ان کی قیمتی گاڑی دن دہاڑے چھین لی گئی۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق خضدار اور سوراب کے درمیان لاکورین کے مقام پر ایک درجن سے زائد مسلح افراد نے پی سی بی کے فرسٹ کلاس امپائر اسلم برچ کی گاڑی اس وقت چھین لی، جب وہ دیگر امپائروں کے ہمراہ کراچی جا رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد ازاں مسلح افراد نے گاڑی کی واپسی کے بدلے بھاری رقم کا مطالبہ بھی شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق چار روز قبل پی سی بی کے فرسٹ کلاس، گریڈ ون اور گریڈ ٹو امپائرز اسلم برچ، خالد محمود، حمید خان، محمد رحیم اور ہدایت اللہ ریفریشر کورس میں شرکت کے لیے کوئٹہ سے کراچی روانہ ہوئے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ سوراب میں ناشتہ کرنے کے بعد جب ان کی گاڑی لاکورین کے مقام پر پہنچی تو سڑک کے درمیان کھڑے دو مسلح افراد نے انہیں اسلحے کے زور پر روک لیا۔ شناختی کارڈ اور گاڑی کے کاغذات چیک کرنے کے بعد جب امپائر گاڑی سے اترے تو انہوں نے دیکھا کہ اطراف میں ایک درجن سے زائد مسلح افراد موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی چھیننے کے بعد ملزمان نے اسلم برچ کا موبائل نمبر بھی حاصل کر لیا اور مسلسل رابطے میں ہیں۔ ابتدا میں گاڑی کی واپسی کے لیے 20 لاکھ روپے طلب کیے گئے، تاہم بعد ازاں مطالبہ کم کرکے 8 لاکھ روپے کر دیا گیا۔ مسلح افراد نے گاڑی میں موجود امپائروں کا ذاتی سامان نکال کر انہیں واپس کر دیا تھا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *