روس کے اسٹریٹجک
|

روس کے اسٹریٹجک ذخائر ختم ہوگئے، شمالی کوریا مدد کررہا ہے: زیلنسکی

کیف: یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے پاس جنگ جاری رکھنے کے لیے اپنے تزویراتی ذخائر باقی نہیں رہے اور ماسکو شمالی کوریا کی فوجی معاونت کے بغیر یوکرین کے خلاف جنگ کو آگے بڑھانے کی پوزیشن میں نہیں رہا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کو شمالی کوریا کی جانب سے مسلسل فوجی مدد فراہم کی جارہی ہے، جس میں فوجی دستوں اور بیلسٹک میزائلوں کی فراہمی بھی شامل ہے، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا عسکری تعاون یوکرین کی جنگ کو مزید پیچیدہ بنانے کے ساتھ ساتھ خطے سے باہر بھی سنگین اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

زیلنسکی نے دعویٰ کیا کہ روس کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ملک کے پاس کوئی اسٹریٹجک ذخیرہ باقی نہیں رہا، جس کے باعث ماسکو جنگی ضروریات پوری کرنے کے لیے بیرونی مدد پر انحصار کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔

یوکرینی صدر کے مطابق روس اور شمالی کوریا کے درمیان فوجی تعاون میں اضافے کے تحت شمالی کوریا کے 30 ہزار سے 50 ہزار فوجیوں کو روس میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان دستوں کی موجودگی ماسکو کو یوکرین کے خلاف جاری جنگ میں اضافی افرادی قوت فراہم کرے گی۔

زیلنسکی نے مزید دعویٰ کیا کہ روس کو شمالی کوریا سے نہ صرف فوجی اہلکار بلکہ بیلسٹک میزائل بھی حاصل ہورہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری روابط میں مزید وسعت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

یوکرینی صدر نے روس اور شمالی کوریا کے بڑھتے ہوئے فوجی اشتراک کو صرف یوکرین کے لیے خطرہ قرار دینے کے بجائے اس کے وسیع تر علاقائی اثرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق اس نوعیت کا تعاون مستقبل میں دیگر ممالک کی سلامتی کے لیے بھی نئے چیلنجز پیدا کرسکتا ہے۔

زیلنسکی کا کہنا تھا کہ یوکرین کے خلاف جنگ میں شمالی کوریا کے فوجیوں اور میزائلوں کا استعمال پیانگ یانگ کو حقیقی جنگی حالات میں اپنی عسکری صلاحیتوں کو جانچنے کا موقع فراہم کررہا ہے۔ ان کے بقول شمالی کوریا اس جنگ کے تجربات سے اپنے ہتھیاروں اور فوجی حکمت عملیوں کی عملی آزمائش بھی کررہا ہے۔

یوکرینی صدر کے یہ دعوے ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب روس اور شمالی کوریا کے درمیان فوجی تعاون کے حوالے سے عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔ زیلنسکی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا عسکری اشتراک جنگ کے دائرہ کار اور اس کے ممکنہ اثرات کو مزید وسیع کرسکتا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *