|

تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی واپس لے لی گئی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کی ہے کہ 2027 میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی تاریخی لارڈز کے بجائے لندن کے دی اوول کو سونپ دی گئی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 9 سے 13 جون 2027 تک دی اوول میں کھیلا جائے گا۔

گزشتہ سال آئی سی سی نے اعلان کیا تھا کہ 2027، 2029 اور 2031 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی میزبانی انگلینڈ کرے گا، جبکہ ہر ایڈیشن کے لیے میزبان وینیو کا انتخاب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی ذمہ داری ہوگی۔

ابتدائی طور پر توقع کی جا رہی تھی کہ 2027 کا فائنل بھی گزشتہ ایڈیشن کی طرح لارڈز میں منعقد ہوگا، تاہم ای سی بی نے اس بار دی اوول کو ترجیح دیتے ہوئے فائنل وہاں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کی ایک اہم وجہ لارڈز کی پچ کے معیار پر اٹھنے والے خدشات ہیں۔ گزشتہ ماہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی پچ کو آئی سی سی نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے پہلی مرتبہ لارڈز کو ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا۔

یہ دوسرا موقع ہوگا جب دی اوول ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل 2023 کا فائنل بھی اسی میدان میں کھیلا گیا تھا، جہاں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا تاج اپنے نام کیا تھا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *