کراچی کے طلبہ کا شاندار کارنامہ، دل کی دھڑکن اور سانس بحال کرنے کی تربیت دینے والی جدید مشین تیار
کراچی: دل کی دھڑکن اچانک بند ہو جائے یا سانس رک جائے تو بروقت دل کی دھڑکن کی بحالی اور انسانی تنفس کی بحالی کا درست طریقہ کسی بھی شخص کی جان بچا سکتا ہے۔ اسی اہم ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے شعبہ بائیو میڈیکل کے طلبہ و طالبات نے “ریسکیو ردھم، سی پی آر ٹریننگ اسسٹنٹ” تیار کر لیا ہے، جو عوام اور طبی عملے کو جان بچانے کے اس ہنگامی عمل کی عملی تربیت فراہم کرتا ہے۔
یہ جدید مشین سینے پر دیے جانے والے دباؤ کو فوری طور پر جانچتی ہے اور بتاتی ہے کہ دباؤ درست ہے، کم ہے یا زیادہ۔ اس میں نصب اسکرین، رنگین اشارے اور آواز دینے والا بزر ہر مرحلے پر تربیت حاصل کرنے والے کی رہنمائی کرتے ہیں، جبکہ مشین یہ بھی ریکارڈ کرتی ہے کہ سینے پر کتنی بار دباؤ ڈالا گیا اور تربیت کتنی درست انداز میں مکمل ہوئی۔اس منصوبے کو کشش امام، مسفرہ کامران، راہول مشتاق اور محمد عماد الدین نے اپنے ایڈوائزر انجینئر سیدہ تحریم قمر کی نگرانی میں تیار کیا۔
شعبہ بائیو میڈیکل کی سربراہ انجینئر ردا فاطمہ نے بتایا کہ اگر زیادہ سے زیادہ افراد دل کی دھڑکن اور انسانی تنفس کی بحالی کا درست طریقہ سیکھ لیں تو دل کا دورہ، حادثات اور دیگر ہنگامی حالات میں قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ تربیتی نظام اسپتالوں، نرسنگ کالجوں، فرسٹ ایڈ ٹریننگ سینٹرز اور ریسکیو اداروں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ منفرد منصوبہ علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی پروجیکٹ ایگزبیشن 2026 میں پیش کیا گیا، جہاں اس نے ڈاکٹروں، اساتذہ، صنعتی ماہرین اور دیگر شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی۔