سرکاری ملازمین کی
|

سرکاری ملازمین کی پنشن کے حوالے سے بڑا فیصلہ،نئی پنشن اسکیم کیلئے اہم ہدایات جاری

اسلام آباد: نئی پنشن اسکیم کے تحت وفاقی سرکاری ملازمین سے متعلق نئے نظام پر عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ حکومت نے وزارتوں، ڈویژنز اور وفاقی محکموں کو پنشن فنڈ اسکیم کے قواعد پر عملدرآمد اور متعلقہ ملازمین کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

حکومتی ہدایات کے مطابق تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ایسے ملازمین کی فہرستیں تیار کرنے کا کہا گیا ہے جو ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن فنڈ اسکیم 2024 کے دائرے میں آتے ہیں۔

متعلقہ اداروں کو ملازمین کا ڈیٹا اور ضروری ریکارڈ اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) کے پاس 15 روز کے اندر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

نظام کی نگرانی کیلئے ہر وزارت اور ڈویژن کو گریڈ 17 یا اس سے اوپر کے افسر کو فوکل پرسن مقرر کرنا ہوگا۔ مقرر کردہ افسر اسکیم پر عملدرآمد کی نگرانی کے ساتھ متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ بھی یقینی بنائے گا۔

وزارت خزانہ کے ہیومن ریسورسز ونگ کو اسکیم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کو اے جی پی آر کے تعاون سے وفاقی ملازمین کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ملازمین کا ریکارڈ وزارت، ڈویژن، محکمہ اور گریڈ کی بنیاد پر مرتب کیا جائے گا تاکہ پنشن فنڈ اسکیم کے انتظامی معاملات کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نئی پنشن اسکیم سے متعلق ضروری کارروائی مقررہ مدت میں مکمل کی جائے تاکہ نئے نظام کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *