یونانی فضائی دفاعی نظام نے سعودی عرب میں یمن سے 2 بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے
سعودی عرب کے شہر ینبع میں واقع تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش اس وقت ناکام بنا دی گئی، جب وہاں تعینات امریکی ساختہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام نے یمن سے داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے۔ اس دفاعی نظام کو سعودی عرب میں تعینات یونانی فوجی اہلکار چلا رہے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یونانی سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کے روز یمن سے داغے گئے دونوں بیلسٹک میزائلوں کا رخ ینبع کی آئل ریفائنریوں کی جانب تھا، تاہم فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں میزائل اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق حملے کے خدشے کے پیش نظر سعودی سول ڈیفنس نے فوری طور پر ینبع میں ہنگامی الرٹ جاری کیا اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں ایک اور ذریعے نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں بیلسٹک میزائل فضا میں ہی مار گرائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں نصب امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام 2021 میں یونان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کے تحت تعینات کیا گیا تھا۔ اس معاہدے کے مطابق نظام کی نگرانی اور آپریشن یونانی فوج کے اہلکار انجام دیتے ہیں، جبکہ اس کا بنیادی مقصد سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور تیل کی اہم تنصیبات کو میزائل حملوں سے محفوظ بنانا ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے جب سعودی عرب میں تعینات یونانی اہلکاروں نے پیٹریاٹ دفاعی نظام کے ذریعے کسی ممکنہ میزائل حملے کو ناکام بنایا، جس سے اہم توانائی تنصیبات کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔