آزاد کشمیر انتخابات میں ن لیگ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہے، شرجیل میمن
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے الزام عائد کیا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہے، پیپلز پارٹی بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرے گی۔
سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کابینہ نے گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے ملازمین کی ہیلتھ انشورنس میں مزید 6 ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی ہے جبکہ گریڈ ایک سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کے سفری الاؤنس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے دیہی اور شہری علاقوں میں بارشوں کے باعث صورتحال خراب ہے،پنجاب میں 17 جبکہ خیبر پختونخوا میں 20 افراد جاں بحق ہوئے، مگر اس معاملے پر میڈیا کی خاموشی حیران کن ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وفاقی اور پنجاب حکومت کے وسائل استعمال کرتے ہوئے مری اور کشمیر میں موجود ہے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہے، پیپلز پارٹی واضح اکثریت کے ساتھ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ “جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آنا کوئی کمال نہیں، پیپلز پارٹی حقیقی عوامی مینڈیٹ پر حکومت کر رہی ہے، پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کی اتحادی نہیں بلکہ صرف جمہوریت کے استحکام کے لیے حکومت کی حمایت کی تھی اور یہی پیشکش ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کو بھی کی گئی تھی۔
انہوں نے وفاقی حکومت پر سندھ کے ساتھ امتیازی سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ضلعی سطح تک موٹرویز تعمیر کی جا رہی ہیں جبکہ سندھ میں جائز اور ضروری موٹرویز بھی نہیں بنائی جا رہیں۔