ریلوے کا کروڑوں روپے مالیت کا چوری شدہ سامان برآمد، 4 ملزمان گرفتار
کراچی: پاکستان ریلویز پولیس نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی چوری شدہ ریلوے پٹریاں اور تقریباً 32 ٹن ریلوے مٹیریل برآمد کرلیا جبکہ ریلوے پٹریاں کاٹنے اور چوری میں ملوث 4 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
ریلوے پولیس کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں کی گئی، جہاں چھاپوں کے دوران چوری شدہ ریلوے پٹریاں، دیگر قیمتی ریلوے مٹیریل اور پٹریاں کاٹنے میں استعمال ہونے والے جدید آلات قبضے میں لے لیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے سامان کی مالیت کروڑوں روپے ہے جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 32 ٹن ریلوے مٹیریل بازیاب کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ چوری کے نیٹ ورک اور اس میں شامل دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔
حکام کے مطابق ریلوے پٹریوں اور مٹیریل کی چوری نہ صرف قومی خزانے کو بھاری مالی نقصان پہنچاتی ہے بلکہ ٹرین آپریشن اور مسافروں کی جانوں کو بھی شدید خطرات سے دوچار کرتی ہے کیونکہ پٹریوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
آئی جی پاکستان ریلویز پولیس نے کامیاب کارروائی پر متعلقہ افسران کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے ملک بھر میں ریلوے مٹیریل چوری کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا، ریلوے کی املاک کو نقصان پہنچانے یا چوری میں ملوث کسی بھی فرد کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے عناصر کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی املاک کے تحفظ کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ ریلوے مٹیریل کی چوری میں ملوث منظم گروہوں کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔