سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ 4200 روپے مہنگا
کراچی: عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کے نرخ بڑھنے کے بعد پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی قیمتی دھات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں 42 ڈالر فی اونس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 ہزار 415 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں ہونے والی اس تیزی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی پڑے، جہاں آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اضافے کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 63 ہزار 936 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 601 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 97 ہزار 750 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب ملک میں چاندی کے نرخ بھی اضافے کی زد میں رہے۔ مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ چاندی 146 روپے مہنگی ہوگئی، جس کے بعد اس کی قیمت 7 ہزار 111 روپے مقرر ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام چاندی کی قیمت میں 125 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور نئی قیمت 6 ہزار 096 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
یوں عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں ہونے والے نمایاں اضافے کے ساتھ پاکستان میں بھی آج سونے اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی، جس سے مقامی صرافہ بازاروں میں قیمتی دھاتیں مزید مہنگی ہوگئیں۔