جاپان میں شریکِ حیات کی تلاش کے لیے اے آئی کا استعمال، سیکڑوں جوڑے رشتۂ ازدواج میں منسلک
ٹوکیو: مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو دنیا بھر میں تعلیم، صحت، کاروبار اور دیگر شعبوں میں استعمال کیا جا رہا ہے، اب جاپان میں اس جدید ٹیکنالوجی سے شریکِ حیات کی تلاش میں بھی مدد لی جا رہی ہے، جہاں اے آئی پر مبنی نظام کی معاونت سے سیکڑوں جوڑے شادی کے بندھن میں منسلک ہو چکے ہیں۔
جاپان میں مقامی حکومتیں مختلف نجی کمپنیوں کے تعاون سے ایسے اے آئی سسٹمز متعارف کرا رہی ہیں، جو شادی کے خواہشمند افراد کی شخصیت، اقدار، دلچسپیوں، مشاغل اور طرزِ زندگی کا جائزہ لے کر ان کے لیے موزوں شریکِ حیات کی تجویز پیش کرتے ہیں۔
اس نظام کا مقصد صرف ظاہری معلومات یا عمر کی بنیاد پر رشتوں کی تجویز دینا نہیں بلکہ افراد کی عادات، ترجیحات اور زندگی سے متعلق سوچ کو بھی مدنظر رکھنا ہے، تاکہ زیادہ ہم آہنگ اور طویل المدت تعلقات قائم ہونے کے امکانات بڑھائے جا سکیں۔
جاپان میں شادیوں کی شرح میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے جبکہ کم شرحِ پیدائش اور آبادی میں بزرگ افراد کے بڑھتے ہوئے تناسب نے حکومت کے لیے ایک بڑا سماجی اور معاشی چیلنج پیدا کر دیا ہے۔ حکومت کا خیال ہے کہ نوجوانوں کو شادی کے لیے موزوں ساتھی تلاش کرنے میں آسانی فراہم کرکے شادیوں اور بعد ازاں شرحِ پیدائش میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
اسی مقصد کے تحت ستمبر 2024 میں ایک اے آئی پر مبنی ایپ متعارف کرائی گئی، جس کے ذریعے شادی کے خواہشمند افراد کو زندگی بھر کا ساتھی تلاش کرنے میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایپ استعمال کرنے والے افراد کو اپنی شناخت سے متعلق مستند دستاویزات جمع کرانا ہوتی ہیں۔ انہیں یہ بھی ثابت کرنا ہوتا ہے کہ وہ قانونی طور پر پہلے سے شادی شدہ نہیں ہیں جبکہ آمدنی سے متعلق معلومات اور دیگر ضروری دستاویزات بھی فراہم کرنا پڑتی ہیں۔ پروگرام میں شمولیت سے قبل صارفین کا ایک آن لائن انٹرویو بھی لیا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق اے آئی پر مبنی اس نظام نے بالخصوص نوجوانوں میں شادی کے حوالے سے دلچسپی بڑھانے میں مدد دی ہے۔ اس سے قبل متعدد نوجوان روایتی میرج سروسز یا رشتہ کرانے والے اداروں سے رجوع کرنے میں کم دلچسپی رکھتے تھے، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام نے اس عمل کو نسبتاً آسان اور قابلِ قبول بنا دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے نتیجے میں جاپان کے متعدد شہروں میں شادیوں کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اس منصوبے کو آبادی میں کمی اور کم شرحِ پیدائش کے مسئلے سے نمٹنے کی وسیع حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔