|

سپریم کورٹ: عمران خان کی ہسپتال منتقلی کی درخواست پراپیل منظور

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد کیے گئے اعتراضات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے چیمبر اپیل منظور کر لی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے درخواست پر ابتدائی سماعت کے دوران اہم احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کو باقاعدہ سماعت کیلئے آگے بڑھانے کی ہدایت کر دی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر چیمبر اپیل کی سماعت چیمبر میں کی، جس میں ان کے وکیل عذیر کرامت بھنڈاری عدالت کے روبرو پیش ہوئے، دلائل سننے کے بعد عدالت نے رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے اپیل منظور کر لی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وکیل عذیر کرامت بھنڈاری کو دستخط شدہ وکالت نامہ جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کو حکم دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی سے متعلق اپیل کو باقاعدہ نمبر الاٹ کیا جائے تاکہ اس پر آئندہ کارروائی قانون کے مطابق آگے بڑھائی جا سکے۔

عدالت عظمیٰ نے مزید ہدایت کی کہ عمران خان کی درخواست کو عظمیٰ خان کے زیر سماعت کیس کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی بانی پی ٹی آئی اور عظمیٰ خان کی درخواستوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا بھی منظور کر لی گئی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد عمران خان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق درخواست اب باقاعدہ عدالتی کارروائی کا حصہ بن جائے گی، جہاں عدالت درخواست کے قانونی اور آئینی پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔

مزید پڑھیں۔کبریٰ خان نے شادی شدہ زندگی پر دل کی بات کہہ دی

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *